
محمد غزالی خان
بہت سے تارکینِ وطن کی طرح آج مجھے بھی ایک اور بھاری قیمت ادا کر نی پڑ گئی۔ جس باپ نے لاڈ پیار اور بے شمار محنت سے مجھے پال پوس کر بڑا کیا، اُنہیں کندھا دینا اور آخری مٹی دینا بھی میرے نصیب میں نہ آیا۔
13 دسمبر 2019 کو والدہ کا انتقال ہوا تو اُن کا آخری دیدار بھی ہیتھرو ایئرپورٹ پر ویڈیو کال کے ذریعے کیا تھا۔ آج والد کا آخری دیدار بھی سفرِ آخرت کے لباس میں ملبوس، ویڈیو کال پر کرنا پڑا۔
اس وقت برٹش ایئرویز کی پرواز میں دیوبند کے سفر پر ہوں۔ بچپن سے لے کر آج تک کی پوری زندگی کی فلم نگاہوں کے سامنے چل رہی ہے۔ جب بھی ہندوستان جانا ہوتا تھا، مقصد والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا ہوتا تھا، اور دورانِ سفر اُن سے ملاقات کے لیے جلد از جلد پہنچنے کی خواہش دل میں مچلتی رہتی تھی۔ والدہ کے انتقال کے بعد یہ تسلی رہتی تھی کہ والد سے ملاقات ہو جائے گی، مگر آج کے اس سفر کی کیفیت ناقابلِ بیان ہے۔ اداسی، خالی پن، چھوٹے بہن بھائیوں کے پاس جلد از جلد پہنچ کر اُنہیں تسلی دینے کی فکر، اور دل میں ایک عجیب سی جھرجھری۔ پھر یہ سوچ کر دل کو کچھ اطمینان ہو جاتا ہے کہ ایک نہ ایک دن اس دنیا سے ہر ایک نے رخصت ہونا ہے۔
والد صاحب نے ایک صاف، شفاف اور باوقار زندگی گزاری۔ اللہ تعالیٰ نے اُن کا انجام بھی نہایت مبارک فرمایا۔ سورۂ رحمٰن سنتے ہوئے، فَبِأَيِّ آلَاءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبَانِ دہراتے رہے، اور کلمۂ طیبہ پڑھتے ہوئے اپنی جان، جانِ آفریں کے سپرد کر دی۔
گزشتہ سال فادرز ڈے کے موقع پر ایک تحریر فیس بک پر پوسٹ کی تھی۔ آج اُسے دوبارہ شیئر کر رہا ہوں۔ دسمبر 2025 میں، جب میں دیوبند میں تھا، نہ جانے مجھے کیا سوجھی کہ وہ تحریر پرنٹ کرکے اُنہیں دے دی۔ ڈیمینشیا کا کافی اثر ہو چکا تھا۔ معلوم نہیں اُس تحریر کا اُن پر کیا تاثر ہوا۔ انہوں نے میری طرف دیکھا اور بس اتنا کہا: مجھ سے کوئی بھول ہو گئی ہو تو معاف کر دینا۔‘
آج بھی سمجھ نہیں آتا کہ اُس لمحے میں نے اپنے جذبات پر کیسے قابو پایا۔ ہمارا تعلق اُس نسل سے ہے جس نے کبھی والدین کے سامنے اونچی آواز میں بھی بات نہیں کی؛ والد سے بغل گیر ہونا تو درکنار۔ مگر اُس وقت مجھے کچھ نہ سوجھا، اور میں اُن سے لپٹ گیا۔
غزالی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یوں تو ہم مسلمانوں کے لیے ہر دن فادرز ڈے اور ہر دن مدرز ڈے ہے، کہ ہمیں والدین کی ہر وقت تعظیم کرنے اور ان کا حکم ماننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مگر فادرز ڈے پر بہت سے لوگوں کا اپنے اپنے والد کی خصوصیات کا ذکر کرنا اچھا لگا، اور دل چاہا کہ میں بھی اپنے والد (اللہ تعالیٰ ان کو صحت اور طویل عمر عطا فرمائے) کا ذکر کروں۔
جیسا کہ اس دور میں ہوتا تھا، میرے والدین کی شادی بھی کم عمری میں ہو گئی تھی، اور اس کے باعث چھوٹے چچا (مرحوم)، اکلوتی پھوپی (مرحومہ) اور میری عمر میں تقریباً چار یا پانچ سال کا فرق تھا۔ انہی کی دیکھا دیکھی میں نے بھی اپنے والد کو “بھائی جان” کہنا شروع کر دیا، اور اب بھی “بھائی جان” کہہ کر ہی مخاطب کرتا ہوں۔
بھائی جان پرانے علیگیرین ہیں اور علی گڑھ کے پرانے اقدار کا نمونہ رہے ہیں۔ حالانکہ پیشے سے ایک کسان ہیں، مگر طبیعتاً ایک استاد ہیں۔ ہم چھ بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کو بھی نہ مدرسے بھیجا، نہ قرآن پڑھانے کے لیے کوئی استاد رکھا۔ فجر کی نماز کے بعد قرآن، ’’رسولِ عربی‘‘، ’’خلفائے راشدین‘‘ اور’’ تعلیم الاسلام‘‘ وغیرہ کے علاوہ انگریزی پڑھانا ان کا روز کا معمول تھا۔ ایک دفعہ میں نے ان سے پوچھا کہ اگر وہ کسان نہ ہوتے تو کیا ہوتے تو جواب دیا کہ شاید یونیورسٹی لیکچرار کیونکہ یہ ایک ایسا کیریئر ہے جس میں علم میں مستقل اضافہ ہوتا ہے اور انسان نوجوانوں کے ماحول میں نوجوان رہتا ہے۔
کرکٹ کے ہمیشہ سے شوقین ہیں۔ اس وقت تو معلوم نہیں تھا، مگر اب اندازہ ہوا کہ ڈسلیکسیا کی وجہ سے میں کبھی گیند کو کیچ نہیں کر پاتا تھا، اس وجہ سے کھیل کود سے رغبت نہیں رہی۔ میری یہ حرکت بھائی جان کو پسند نہیں آتی تھی۔ ہمارے گھر کے پاس ایک چھوٹا سا میدان تھا جس میں محلے (اس محلے میں ایک ہی خاندان کے لوگ آباد ہیں اور رشتہ دار ہیں) کے بچے شام میں کرکٹ کھیلا کرتے تھے جنہوں نے ’’افغان کرکٹ کلب‘‘ کے نام سے ایک کلب بنایا ہوا تھا۔ بھائی جان اکثر وہاں پہنچ جاتے اور باقاعدہ کوچنگ شروع کرنے لگتے، بلکہ خود بھی باؤلنگ اور بیٹنگ میں شامل ہو جاتے۔ حقیقت یہ ہے کہ جب تک یاد داشت ٹھیک تھی وہ کرکٹ کا انسائکلوپیڈیا تھے۔
ان دنوں ہندوستان و پاکستان کی سیریز چل رہی تھی۔ جاوید میانداد رن پر رن بنا رہے تھے۔ اس وقت تک دیوبند میں ٹی وی نہیں پہنچا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ دوستوں کے ساتھ صرف ریڈیو پر کمنٹری سنتے ہوئے بھائی جان نے تبصرہ کیا: “یہ رن اچھے بناتا ہے، مگر اس کی بیٹنگ میں خوبصورتی نہیں ہے۔” اس پر ان کے دوست بہت ہنسے۔ بھائی جان بمبئی سے نواب پٹوڈی کی ادارت میں نکلنے والے رسالے ’’ اسپورٹس ورلڈ‘‘ کے مستقل خریدار تھے۔ اس واقعے کے بعد جب ’’ اسپورٹس ورلڈ‘‘ آیا تو نواب پٹوڈی کے اداریے میں بالکل یہی تبصرہ موجود تھا، اور بھائی جان نے بڑے فاتحانہ انداز میں اپنے دوستوں کو وہ اداریہ دکھایا۔ علگیڑھ میں وہ شاید کرکٹ کے ہال کیپٹن ہونے کے علاوہ رائڈنگ کلب کے بھی فعال ممبر تھے۔ بچپن میں دیوبند میں کرکٹ میچ کھیلتے اور منصفی کلب میں کبھی کبھی والی بال کھیلتے ہوئے انہیں دیکھنا مجھے کچھ ہلکا ہلکا سا یاد ہے۔
وہ سادہ دن تھے۔ بڑے بڑے کسان اپنے کھیتوں میں خود ٹریکٹر چلانا معیوب نہیں سمجھا کرتے تھے۔ بھائی جان بھی یہ کام خود کرتے تھے۔ میں آٹھویں جماعت میں پڑھتا تھا جب بھائی جان نے مجھے ٹریکٹر اور موٹر سائیکل چلانا سکھا دیا تھا، اور میں بڑی خوشی سے کھیتوں میں ٹریکٹر چلایا کرتا تھا۔
کسان ہونے کے باوجود وہ ڈریس کوڈ کا سختی سے خیال رکھتے تھے۔ جب وہ کھیت پر نہ ہوتے، تو انہیں دیکھ کر کوئی یقین نہیں کر سکتا تھا کہ وہ ایک کسان ہیں۔ ایک مرتبہ میرا نزدیکی دوست اور کلاس فیلو وسیم احمد قادری (جو اب سپریم کورٹ آف انڈیا میں سینئر وکیل ہیں) میرے ساتھ دیوبند آیا۔ بھائی جان اسمارٹلی ڈریسڈ، پتہ نہیں کہاں سے اپنے ایسکارٹ ۴۷ ٹریکٹر پر آرہے تھے کیونکہ انہوں نے بطور سواری ٹریکٹر کبھی بھی استعمال نہیں کیا تھا اور ظاہر ہے کھیت پر اس لباس میں کھیت پر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ جب میں نے وسیم سے بتایا کہ والد صاحب آ رہے ہیں، تو اس نے بے ساختہ کہا: “یار، یہ تو ایکسکارٹ کمپنی کے کوئی ماڈل معلوم ہو رہے ہیں!”
1974 میں ہائی اسکول پاس کرنے کے بعد جب علی گڑھ میں پی یو سی میں داخلہ لیا، تو روانگی سے ایک دن قبل کا پورا منظر میرے ذہن میں گھوم رہا ہے، جب مجھے ٹائی باندھنا سکھا رہے تھے۔ اس سے پہلے علیگڑھ کی روایات کے بارے میں بھی بتا رہے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے بعد اپنے دل و دماغ میں وسعت پیدا کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا ڈگری حاصل کرنا، اور یہ وسعت مختلف جگہوں کے لوگوں سے مل کر، کچھ ان سے سیکھ کر اور کچھ انہیں سکھا کر پیدا ہوتی ہے۔ اس کے بعد یہ تنبیہ بھی کر ڈالی کہ اگر یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے بعد تمہاری ترجیح یہ رہی کہ تمہاری دوستی صرف اپنے قصبے اور ضلع کے طلبہ سے رہے، تو واپس بلا کر مقامی کالج میں داخلہ دلوادوں گا۔ اللہ کا شکر ہے کہ یہ نصیحت زندگی میں اتنی کام آئی کہ علاقہ پرستوں اور علاقہ پرستی دونوں سے سخت نفرت ہو گئی، اور علاقہ یا لسانیت نہ اپنی اور نہ بچوں کی شادیوں میں مسئلہ بنے۔
دادا دادی (اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے) کی تعلیمات اور اللہ تعالیٰ کی توفیق سے بھائی جان نماز، روزے کے ہمیشہ پابند رہے ہیں، مگر جسے عام اصطلاح میں مذہبیت کہا جاتا ہے، اس سے ہمیشہ دور رہے ہیں۔ غالباً میرا بی اے کا آخری سال تھا، میرے کلاس فیلو اور بہت ہی نزدیکی دوست سید عاصم علی (سابق پروفیسر، شعبۂ انگریزی، اے ایم یو)، جو جماعتِ اسلامی سے اپنے والد کی وابستگی کی وجہ سے مولانا مودودی کی بہت سی کتب پڑھ چکے تھے، نے مجھے بھی مولانا کی کچھ کتب پڑھوا ڈالیں۔ ایک دو کتابیں ان سے مستعار لے کر میں چھٹیوں میں اپنے گھر (دیوبند) چلا گیا۔ ان دنوں جماعت اسلامی کے خلاف دیوبند میں جیسی غلط فہمیاں اور نفرت موجود تھی، اس کا بہت سے احباب اندازہ نہیں کر پائیں گے۔ میرے پاس مولانا کی کتابیں دیکھ کر دادا مرحوم اور چچا جان مرحوم پریشان ہو گئے، مگر دونوں نے ناراضگی کے اظہار کے علاوہ کسی خاص شدید ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ان دونوں کے برعکس بھائی جان نے کتابیں دیکھیں، تھوڑی سی ورق گردانی کی اور پھر کہا، ’’بیٹا! کتابیں پڑھنا اچھی بات ہے، کچھ بھی پڑھو مجھے کوئی اعتراض نہیں، بس ذہن کو ہمیشہ کھلا رکھنا اور کسی بھی جماعت کی عینک کبھی نہ لگانا۔‘‘
یہ دونوں ہی نصیحتیں زندگی میں ہمیشہ ہی بہت کام آئیں۔ اللہ تعالیٰ بھائی جان کو صحت اور طویل عمر عطا فرمائے، اور سب کے والدین کا سایہ ان کے سروں پر قائم رکھے۔ (میری والدہ تو 2013 میں اللہ کو پیاری ہو گئی تھیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے) اور ہم سب کو اپنے والدین کی اہمیت سمجھنے اور ان کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
ایک مرتبہ چھوٹے بھائی نے ان کی موجودگی میں کسی پر کیے گئے احسان کا ذکر کر دیا، جس پر بھائی جان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
’’تم سب سے کہہ رہا ہوں۔ اگر تم میں احسان کرکے بھول جانے کی سکت نہیں، تو کسی پر کوئی احسان نہ کرنا!”
ایک مرتبہ کسی کی ایک حرکت پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے میں نے بھائی جان کی موجودگی میں کسی پر کئے گئے ان کے بہت بڑے اور غیر معمولی احسان کا ذکر کردیا۔ مگر اس دن ناراض ہونے کے بجائے ان کی کیفیت ایسی ہوگئی جیسے میں نے نعوذبااللہ کوئی گناہ یاد دلادیا ہو۔ چہرے کا رنگ بدل گیا اور توبہ استغفار کرتے ہوئے عجیب سے انداز میں بار بار یہی کہتے تہے: ’میں نے کسی کے لئے کچھ نہیں، میں نے کسی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ آئندہ اپنی زبان پر اس کا ذکر بھی نہ لانا۔‘‘ احسان جتانا ان کے لئے بہت ہی گراوٹ اورذلالت کی بات ہے۔
چھوٹا سا نوٹ لکھنے چلا تھا، مگر بات لمبی ہوتی جا رہی ہے۔ بس ایک اور آخری واقعہ، جو فیس بک پر پہلے بھی لکھ چکا ہوں، دوبارہ نقل کر رہا ہوں۔
میری مرحومہ والدہ (اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے) اکثر بتایا کرتی تھیں کہ جب میں بہت چھوٹا تھا تو مجھے اتنا شدید ٹائیفائیڈ ہوا تھا کہ بچنے کی کوئی امید نہیں رہی تھی۔ کمال کی بات یہ ہے کہ والدہ نے خود کبھی اپنی کیفیت کے بارے میں نہیں بتایا کہ اس وقت ان پر کیا گزری ہوگی، مگر جب وہ یہ واقعہ سناتی تھیں تو ان کی آنکھوں سے جھلکتے آنسو ایک ماں پر گزرنے والی کیفیت کی صاف گواہی دیتے تھے۔
وہ ہمیشہ بھائی جان کی دعا کا ذکر کرتی تھیں کہ کس طرح وہ میرے لیے تڑپ تڑپ کر دعا کیا کرتے تھے۔ پھر جب میں ٹھیک ہو گیا تو چل نہیں سکتا تھا۔ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب تھی۔ والدہ کے بقول، اس رات جس تخت پر بھائی جان نماز پڑھ کر دعا مانگ رہے تھے، ان کی کیفیت یہ تھی کہ ان کی گڑگڑاہٹ اور کپکپاہٹ سے وہ تخت بھی بری طرح ہل رہا تھا جس پر بیٹھ کر وہ نماز پڑھ رہے تھے اور دعا کر رہے تھے۔
یوں تو پہلا پوتا ہونے کے ناطے میں دادا دادی کا لاڈلا تھا ہی، مگر بھائی جان کی یہ کیفیت دیکھ کر دادا دادی بھی اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے، حالانکہ دادا مرحوم بہت ہی مضبوط اعصاب کے مالک تھے۔
خیر، معمول کے مطابق نمازِ فجر کے بعد گھر کے تمام افراد سو گئے۔ صبح کے وقت والد نے اچانک خوشی کے عالم میں والدہ کو جگایا اور کہا: “وہ دیکھو!”
اور میں فرش پر کھڑا ہوا، خود چل رہا تھا۔
بھائی جان بہت کمزور ہوگئے ہیں اور ڈیمینشیا کا بھی اثر ہے۔ دور ہونے کی وجہ سے فکر رہتی ہے۔ مجھ سمیت جس جس کے والدین میں سے کوئی ایک یا دونوں حیات ہیں اللہ تعالیٰ انہیں صحت اور مزید عمر سے نوازے اور اس نعمت کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ جو اللہ کو پیارے ہوچکے اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت عطا فرمائے۔
اضافی نوٹ: یوں تو بھائی جان اپنے لیے صدقۂ جاریہ کے بے شمار ذرائع چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہوئے، مگر اس سلسلے میں ان کا سب سے نمایاں اور دیرپا کارنامہ قاری توحید عالم کی تعلیم و تربیت اور انہیں حفظِ قرآن کی دولت سے آراستہ کروانا ہے۔ قاری توحید عالم کی پرورش بھی ہمارے ہی گھر میں ہوئی، اس لیے وہ گھر کے ایک فرد بلکہ ہمارے چوتھے بھائی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
گزشتہ ۳۰ ۔ ۳۲ سے برس کے دوران ہمارے گھر کے ایک حصے میں ان کی اور ان کا اوران کی اہلیہ کا کی زیر نگرانی چلایا جانے والا مدرسہ اسلامیہ عربیہ تعلیم القرآن کے نام سے ایک کامیاب مدرسہ اب تک ۲۳۷ حفاظ پیدا کرچکا۔ اس مدرسے میں اس وقت تقریباً ۵۰ طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں جو ناظرۂ قرآن اور حفظِ قرآن کی تعلیم کے ساتھ ساتھ حساب، انگریزی اور ہندی بھی پڑھ رہے ہیں تاکہ وہ عصری تعلیم سے بھی ہم آہنگ رہیں اور بعد میں اسکولوں میں داخلے کے اہل ہو سکیں۔
